شدید بارش کی صورتحال پر افسران کو چوکسی کی ہدایت

ہنمکنڈہ ضلع میں شدید بارش کے امکان کے پیش نظر ضلع کلکٹر چاہت باجپائی نے عہدیداروں کو چوکس رہنے اور پیشگی احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ بروز جمعرات کلکٹریٹ سے مختلف محکموں کے ضلعی عہدیداروں، میونسپل کمشنروں، تحصیلداروں اور ایم پی ڈی اوز کے ساتھ گوگل میٹ کے ذریعہ جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ کلکٹر نے کہا کہ ویلیر اور آتماکور منڈلوں میں بروز چہارشنبہ زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ آئندہ دو دن بھی اچانک شدید بارش ہونے کی صورت میں ندی نالوں اور نشیبی علاقوں میں سیلابی پانی آنے کا امکان ہے، اس لیے متعلقہ عہدیدار پیشگی اقدامات کریں۔ انہوں نے تالابوں، ندی نالوں، سڑکوں اور ڈرینیج کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے، پانی کی سطح کی باقاعدہ نگرانی کرنے اور ضرورت والے مقامات پر ریت کی بوریاں تیار رکھنے کی ہدایت دی۔ گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن حدود میں نالوں سے پلاسٹک اور کچرا فوری طور پر صاف کرنے اور جے سی بی کے علاوہ ضروری مشینری تیار رکھنے کی بھی ہدایت دی۔ شدید بارش کے دوران عہدیدار اپنے اپنے علاقوں میں دستیاب رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی اقدامات کریں۔ کنٹرول روم میں عہدیداروں اور عملہ کو 24 گھنٹے دستیاب رکھنے اور عوام کی شکایات و ہنگامی اطلاعات پر فوری کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر این. روی، جی ڈبلیو ایم سی کمشنر وینکنا، آر ڈی اوز وینکٹیش اور ڈی ایس وینکنا کے علاوہ مختلف محکموں کے عہدیداروں، تحصیلداروں اور ایم پی ڈی اوز نے شرکت کی۔
