ہندوستان میں گاندھی پریوار اور سنگھ پریوار کے درمیان نظر یاتی جنگ

8-copy-1

ملک میں گاندھی پریوار اور سنگھ پریوار کے درمیان نظریات کی جنگ جاری ہے ‘ ہندستان میں جمہوریت کی بقاء اور ملک کی سالمیت کے لئے گاندھی خاندان نے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے جبکہ سنگھ پریوار مذہب ‘ ذات پات اور زبان کی بنیادپر عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کیرلم میں انہیں ’آریادان محمد ایوارڈ‘ کی پیشکشی کی تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی زندگی کا واحد خواب راہول گاندھی کو ہندستان کا وزیر اعظم بنانا ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے دعویٰ کیا کہ ملک کے اگلے وزیر اعظم راہول گاندھی ہوں گے ۔ انہو ںنے ہندستان میں جاری نظریاتی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گاندھی خاندان نے ہندستان میں جمہوریت کی بقاء‘ سیکولر ازم کے فروغ ‘ ملک کی آزادی کے لئے ناقابل فراموش قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے سنگھ پریوار کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گاندھی کے نظریات کا سنگھ کے نظریات سے مقابلہ ہے اور سنگھ کے نظریات ملک میں نفرت پھیلاتے ہوئے عوام کو تقسیم کرنے والے ہیں۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے ملک میں پھیل رہی نفرت کے خاتمہ کے لئے کانگریس کو اقتدار ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے مہاتما گاندھی ‘ اندرا گاندھی ‘ راجیو گاندھی کی قربانیوں کو لازوال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بعد اب مسز سونیا گاندھی ‘ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی اپنے سیاسی مفادات ‘ عہدوں کی قربانی دیتے ہوئے یہ ثابت کر چکے ہیں کہ انہیں عہدوں یا سیاسی مفاد نہیں بلکہ ملک کی بقاء اور جمہوریت کا تحفظ عزیز ہے۔چیف منسٹر تلنگانہ نے کیرلم میں کانگریس کو حاصل ہونے والے اقتدار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کیرلم میں جو ہوا چلی ہے وہ دہلی تک پہنچے گی اور ملک کی تمام سیکولر طاقتیں متحدہ طور پر کوشش کرتے ہوئے دہلی میں اقتدار حاصل کرنے کی کوششوں کو کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر آریا دان محمد کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’آریادان محمد‘‘ کیرلم کی سیاست کے ’چانکیہ ‘ کے طور پر جانے جاتے ہیں اور انہوں نے کیرلم کی ترقی کے لئے جو خدمات انجام دی ہیں انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کیرلم میں کانگریس کے استحکام کے لئے آریادان محمد کی 5دہائیوں پر مشتمل خدمات کو کیرلم میں پارٹی کے استحکام کی کلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی ان قائدین کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی جنہوں نے اپنی زندگی کا مقصد پارٹی کا استحکام بنا لیا اور جو ملک کے سیکولر اقدار و جمہوریت کی جدوجہد کرتے ہوئے زندگی گذارتے ہیں۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے کانگریس قائدین و کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ راہول گاندھی کی قیادت میں ملک بھر میں جدوجہد کو فروغ دیں تاکہ ملک میں آئینی اداروں کے تحفظ ‘ جمہوریت کی بقاء‘ سیکولر ازم‘ آزادی اظہار خیال اور دستور کے نفاذ کو یقینی بنایا جاسکے۔ نمبلور میں منعقدہ اس ایوارڈ تقریب کے دوران جنرل سیکریٹری آرگنائزیشن آل انڈیا کانگریس کمیٹی مسٹر کے سی وینو گوپال کے ہاتھوں چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی کو آریا دان محمد کے نام سے موسوم ایوارڈ پیش کیاگیا۔