غریب عوام کی فلاح و بہبود کانگریس حکومت کا نصب العین

ریاستی کی عوامی حکومت غریب عوام کی فلاح و بہبود کو اپنا نصب العین بنا کر کام کر رہی ہے۔یہ بات ریاستی وزیر عمارت و شوارع اور سنیماٹوگرافی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بتائی۔وہ آج نلگنڈہ مستقر کے ایچوری گارڈن میں ریاستی حکومت کی جانب سے نئے منظور کردہ ’چیوتا پنشن‘ کے احکامات مستحقین میں تقسیم کیے۔اس موقع پر مستحقین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اندرا گاندھی کے دورِ وزارتِ عظمیٰ سے ہی غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے جاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد غریبوں کو مفت بس سفر باریک چاول اور 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہی فراہم کرنا ایک تاریخی کارنامہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ نلگنڈہ شہر کے غریب عوام کے لیے دیورکنڈہ روڈ پر مامیلا گوڑم کے مقام پر اندراما ٹاورس تعمیر کرتے ہوئے 480 مکانات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر صرف غریب مستحقین کو اندراما مکانات دیے جا رہے ہیں اور بے گھر افراد کو مرحلہ وار مکانات منظور کیے جائیں گے۔ریاستی وزیر نے مزید انکشاف کیا کہ آئندہ دنوں میں پنشن کی رقم بڑھا کر 4 ہزار روپے کرنے کا امکان ہے جس پر چیف منسٹر کی سطح پر فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے پنشن سے محروم افراد کو مایوس نہ ہونے اور نئے سرے سے درخواستیں داخل کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے لیے انہوں نے وزارت تک قربان کی ہے عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی ہو تو وہ بلا جھجھک ان سے رجوع کریں۔ عہدے پر ہوں یا نہ ہوں عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ میئرنلگنڈہ بورّی چیتنیہ سرینواس ریڈی نے کہا کہ پنشن غریبوں کے لیے مالی تحفظ اور خودداری کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نلگنڈہ کارپوریشن کے حدود میں نئی پنشن کیلئے 2,430 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 2,036 درخواستیں اہل قرار پائیں۔ رکن اسمبلی مریال گوڑہ لکشما ریڈی نے کہا کہ ریاست بھر میں حکومت تقریباً 40 لاکھ افراد کو پنشن فراہم کر رہی ہے جس کے ذریعے غریبوں کو سماجی تحفظ حاصل ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ کی 19 نومبر سے نئے منظور شدہ پنشن کی رقم مستحقین کے بینک کھاتوں میں جمع کی جائے گی۔ ضلع کلکٹر بی۔ چندر شیکھر نے بتایا کہ نلگنڈہ ضلع میں ہر ماہ ایک لاکھ 97 ہزار 262 افراد کو پنشن فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ نئے طور پر 27 ہزار 255 افراد کے لیے پنشن منظور کی گئی ہے۔ نلگنڈہ اسمبلی حلقہ میں 4,259 نئی پنشن منظور ہوئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنشن کے لیے پانچ زمروں میں نئی۔ درخوا ستیں موصول ہوئی تھیں جن کی فیلڈ سطح پر تفصیلی جانچ کے بعد 27,255 مستحقین کو پنشن منظور کی گئی ہے۔ ہر پنشن یافتہ کے بینک کھاتے میں ماہانہ 2,016 روپے جمع کیے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈی آر ڈی او شیکھر ریڈی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ڈپٹی میئراشرف علی عامر ضلع لائبریری چیئرمین حفیظ خان ٹرینی اسسٹنٹ کلکٹر شری کانت ریڈی مارکٹ کمیٹیوں کے چیئرمین کارپوریٹرس سرپنچوں دیگر عوامی نمائندوں اور مختلف محکموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
