نظام آباد کے الشفاء ہاسپٹل مالاپلی کیلئے درکار تمام عصری آلات و مشین فراہم کرنے رکن کونسل کویتا کا اعلان

حریک تلنگانہ جدوجہد کے دوران جماعت اسلامی ہند کی تائید و حمایت ناقابل فراموش ہے۔ ان خیالات کا اظہار مہمان خصوصی رکن کونسل کے کویتا نے آج دوپہر الشفا ء ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی نظام آباد کے زیر اہتمام الشفاء ہاسپٹل واقع مالاپلی نزد الفلاح مسجد میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ریاست تلنگانہ ترقی کی سمت گامزن ہے۔ کے کویتا نے کہا کہ کے سی آر نظام آباد کی ترقی کیلئے ان کی نمائندگی پر فراخدلانہ فنڈس کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے خصوصی توجہ دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے بعد شہر نظام آباد میں مسلم اقلیت کی ایک کثیر تعداد پائی جاتی ہے۔ چیف منسٹر کو نظام آباد سے بہت زیادہ لگاؤہے۔ کے کویتا نے الشفاء ہاسپٹل کے لئے درکار تمام عصری آلات سی ایس آر کے ذریعہ فراہم کرنے کا اعلان کیا جس کا شرکاء اجلاس نے تالیوں کی گونج میں خیرمقدم کیا۔ کے کویتا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بستی دواخانوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے تاہم کثیر آبادی کے باعث ہاسپٹلوں کا قیام ناگزیر بتایا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے آروگیہ شری اسکیم کے ذریعہ عوام کو علاج و معالجہ کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے الشفاء ہاسپٹل کے قیام پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ کے کویتا نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی ایک رضاکارانہ تنظیم کی سربراہ اور انہیں تجربہ بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی یونٹ کا قیام عمل میں لایا جانا آسان ہے تاہم اس کو مستقل طور پر جاری رکھنا ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے۔ کے کویتا نے کہا کہ وہ ایک بہن کے طور پر ہمیشہ ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے خواتین کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد کرنے کا اظہارکیا۔ رکن اسمبلی نظام آباد اربن نظام آباد بیگالہ گنیش گپتا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مختلف فلاح وبہبودی کی اسکیمات عوام کے استفادہ کیلئے ریاستی حکومت نافذ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد میں حج ہاؤز، میٹرنٹی ہاسپٹل اور اسٹیڈیم کی اراضیات کی نشاندہی کی گئی اور وہ حیدرآباد میں مسلسل عہدیداروں کے ربط میں ہے۔