یہ شہر ہے یا گاؤں: حیدرآباد میں کاروباری ادارے روزانہ رات 10:30 بجے بند کر دینے کا حکم

حیدرآباد پولیس نے شہر کے تمام تجارتی و کاروباری اداروں (دکانات، شورومس، شاپنگ کمپلیکس وغیرہ) کی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ وہ روزانہ رات 10.30 بجے اپنی دکانات بند کردیں۔ انہیں حکم دیا گیا ہے کہ ساڑھ دس بجے سے رات گیارہ بجے کے درمیان تمام دکانات بند ہو جانے چاہئیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے یہ ہدایات چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے حکم پر جاری کی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ریونت ریڈی نے شہر میں جرائم کے حالیہ واقعات کے پیش نظر لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ حکم دیا ہے۔ پولیس نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ سڑکوں پر اجنبیوں کو لفٹ نہ دیں اور رات دیر گئے شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں بے مقصد گھومنے پھرنے سے اجتناب کریں۔ پولیس نے عوامی مقامات پر شراب پینے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا پولیس نے شہریوں کو مطلع کیا کہ اگر وہ کسی بھی مجرمانہ سرگرمی کو دیکھیں تو ڈائل 100 کے ذریعے پولیس کو اطلاع دیں۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور قانون شکنی نہ کریں۔
