نیٹ مسئلہ پر وزیر اعظم نوجوانوں سے معذرت خواہی کریں: اسد اویسی

ASAD-OWAISI-3

نیٹ اور دیگر مسابقتی امتحانات کے انعقاد پر مرکزکی این ڈی اے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے اتوار کے روز دعویٰ کیا کہ ملک کے نوجوانوں کا یہ حق بنتا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی، نوجوانوں سے معذرت خواہی کریں اور نوجوان، حکومت سے انصاف کے مستحق ہیں۔ حکومت کو ہدف ملامت بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”امتحان کے جنگجو نریندر مودی نے ملک کے نوجوانوں کے مستقبل سے جنگ چھیڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے نیٹ یو جی (23لاکھ طلبہ) پھر یو جی سی این ای ٹی (9لاکھ طلبہ) اب پھر سی ایس آئی آر۔این ای ٹی (2لاکھ طلبہ) امتحان کو منسوخ کردیا گیا۔ حکومت نے امتحان سے ایک رات قبل نیٹ پی جی کو منسوخ کردیا جس میں 2لاکھ طلبہ شریک ہونے والے تھے۔ اسی طرح مودی حکومت نے لاکھوں طلبہ کے مستقبل سے جنگ چھیڑ دی ہے۔ یہ ذمہ داری وزیر اعظم مودی اور ان ک ے کابینی رفقا پر عائد ہوتی ہے۔ اسد اویسی نے ایکس پر کہا کہ ہمارے نوجوان، وزیر اعظم مودی کی معذرت خواہی اور حکومت سے انصاف کے حصول کیلئے مستحق ہیں۔