تاجک اتھیلیٹ نے اسرائیلی کھلاڑی سے ہاتھ ملانے سے انکار کردیا، کامیابی کے بعد لگایا اللہ اکبر کا نعرہ

TAJIKISTAN-MAN-ISRAEL

پیرس اولمپکس میں تاجکستان کے ایتھلیٹ نے فسلطین سے اظہار یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی حریف کو شکست دینے کے بعد اس سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق غزہ میں جاری جنگ میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے معصوم اور بے گناہ فلسطینیوں کی ہلاکتوں پر غم و غصہ کا اظہار پیرس اولمپکس میں بھی نظر آنے لگا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے 66 کلوگرام کے مقابلہ میں تاجکستان کے جوڈوکا نورالی امومالی نے اسرائیلی حریف باروچ شمائلوف کو شکست دی اور جاتے ہوئے نہ صرف اس سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا بلکہ اس کی جانب دیکھتے ہوئے اللہ اکبر کا نعرہ بھی لگایا۔ یاد رہے کہ مذکورہ تاجک ایتھلیٹ پہلے کھلاڑی نہیں جس نے پیرس اولمپکس میں کسی اسرائیلی حریف سے ہاتھ نہ ملایا ہو بلکہ ان سے قبل مراقش کے ایک ایتھلیٹ نے بھی اسرائیل کے شمائلوف سے ہارنے کے بعد اس سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا۔ علاوہ ازیں امامالی کوارٹر فائنل میں جاپان کے ہیفومی آبے کے خلاف میدان میں اترے لیکن بازو میں چوٹ لگنے کے سبب نیچے گرگئے جس کے باعث انہیں مجبوراً ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونا پڑا۔