بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر حملوں کی اطلاعات تشویش ناک: اسداویسی

ASAD-OWAISI-780x470

اے آئی ایم آئی صدر اسد الدین اویسی نے آج ان اطلاعات پر تشویش ظاہر کی کہ بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر حملے ہورہے ہیں۔ انہوں نے اُس ملک کے حکام سے ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ میڈیا کی اطلاع کے مطابق پیر کے روز شیخ حسینہ زیرقیادت حکومت کا تختہ پلٹ ہونے کے بعد سے بنگلہ دیش میں تشدد کے واقعات میں کم از کم 232 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں وسط جولائی میں مخالف کوٹہ احتجاج شروع ہونے کے بعد سے اب تک مہلوکین کی تعداد 560 ہوگئی ہے۔ اویسی نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر حملوں کی اطلاعات تشویش ناک ہیں۔ حکومت اور بنگلہ دیش کے حکام بین الاقوامی قانون کے تحت اقلیتوں کی جان و مال کا تحفظ کرنے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی اطلاعات ملی ہیں کہ اس ملک کی اکثریتی برادری اقلیتوں کے مکانات اور عبادتگاہوں کی حفاظت کررہی ہے۔ یہی ہونا چاہئے۔