مسلمانوں کو دھمکیاں دینے والے بی جے پی لیڈروں کے خلاف کب ہوگی کارروائی ؟ : نسیم خان

n6346797701728661606723e83816cee63663d108fcf154e4e68df39a2c9d08959cf19116378ea2f45419ca

مہاراشٹر میں مہایوتی حکومت کی جانب سے لیے جا رہے اقلیت نواز فیصلوں کو آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر مسلم ووٹرس کو رجحانے کا ایک قدم بتاتے ہوئے، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور ریاستی کانگریس کے ورکنگ صدر نسیم خان کہا کہ اسمبلی انتخابات میں شکست کے خوف سے بی جے پی شندے حکومت کو مسلمانوں کی یاد آگئی ہے۔ انھوں نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ، بی جے پی شندے حکومت کے لیڈران مسلسل مسلم کمیونٹی کو قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی، بلکہ ان کی حمایت کی جاتی ہے۔ جہاں مدارس کو بند کرنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ دھمکیاں دینے والوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جاتی ہے ، صرف وقتی طور پر مسلمانوں کوخوش کرنے کے لیے اسمبلی انتخابات کو دیکھتے ہوئے مدارس کے اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے جو دراصل مسلم ووٹرس پر نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ نسیم خان نے کہا کہ مدارس میں ڈی۔ ایڈ اور بی۔ ایڈ اساتذہ کو دیے جانے والے معاوضے میں اضافے کا فیصلہ کابینہ کی میٹنگ میں لیا گیا ہے اور مولانا آزاد اقلیتی اقتصادی ترقی کارپوریشن کے شیئر کیپٹل میں بھی اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بی جے پی شندے حکومت کا یہ فیصلہ مسلم کمیونٹی کی ترقی کی نیت سے نہیں لیا گیا ہے بلکہ یہ لوک سبھا انتخابات میں شکست کی وجہ سے آنے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر لیا گیا فیصلہ ہے۔ پھر بھی ہم اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بی جے پی شندے حکومت کی ‘سب کا ساتھ، سب کا وشواس’ صرف باتیں ہیں، کبھی عمل میں نظر نہیں آئیں۔

نسیم خان نے یہ بھی کہا کہ یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ، بی جے پی شندے حکومت میں ممبران اسمبلی اور لیڈران مسلسل مسلم کمیونٹی کے خلاف اشتعال انگیز تقریریں کرتے ہیں۔ ان کے خلاف تھانے میں مقدمہ درج ہونے کے باوجود حکومت کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے۔ بی جے پی-شندے کی حکومت جتنے بھی مقبول نعرے لگاتی ہے، مسلم کمیونٹی ان کی غلط فہمیوں کا شکار نہیں ہوگی۔ بی جے پی شندے حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ وہ چند دنوں کے مہمان ہیں۔