جموں و کشمیر میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے، دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا : راج ناتھ سنگھ

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کو کہا کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے پرعزم ہے اور وہاں ترقی تیز رفتاری سے ہو رہی ہے۔ وہاں کے لوگ بھی ترقی کو پسند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے واقعات میں بڑی کمی آئی ہے اور وہاں سے دہشت گردی کو کسی بھی قیمت پر ختم کیا جائے گا۔ راج ناتھ سنگھ نے اپنے گرو ہری ہر داس مہاراج کے آشرم ہری ہر دھام میں میڈیا سے مختصر بات چیت میں کہا کہ پچھلی حکومتوں کے مقابلے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ سیکورٹی فورسز پوری طرح چوکس ہیں اور لوگوں کا اب سیکورٹی فورسز پر اعتماد ہے۔ جس طرح سے لوگوں کا اعتماد سیکورٹی فورسز پر بڑھا ہے، ایسی صورتحال پیدا ہو جائے گی کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ وہاں کے لوگ ترقی کو اہمیت دے رہے ہیں اور جموں و کشمیر میں ترقی تیزی سے ہو رہی ہے۔ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ دو چار واقعات افسوس ناک ہیں۔ ہماری سیکورٹی فورسز بھی ان واقعات کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔ متعدد دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔ اس سے پہلے وزیر دفاع سنگھ کانپور کے چکری ہوائی اڈے پر پہنچے جہاں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رمیش اوستھی، ایم ایل اے سریندر میتھانی، ضلع صدر شیو رام سنگھ اور پارٹی کے کئی سرکردہ عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ ہوائی اڈے سے وزیر دفاع سیدھے شیام نگر کے ہری ہر دھام پہنچے جہاں انہوں نے اپنے گرو ہری ہر داس مہاراج کا آشیرواد لیا۔ اس کے بعد وہ کانپور آئی آئی ٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات کے لئے روانہ ہو گئے۔
