دفاعی شعبہ کی ترقی میں تلنگانہ کا اہم رول : ریونت ریڈی

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک میں دفاعی شعبہ کو عصری سہولتوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے اور نئی ٹکنالوجیز کے استعمال کے ذریعہ دفاعی نظام مستحکم کیا گیا۔ راج ناتھ سنگھ آج حیدرآباد میں نیشنل سائنس ڈے کے موقع پر دفاعی تحقیق کے ادارہ ڈی آر ڈی او کی جانب سے منعقدہ وگیان ویبھو پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وہ سائنس کے ٹیچر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں اور آج نیشنل سائنس ڈے کے موقع پر طلبہ سے خطاب میں انہیں غیر معمولی خوشی محسوس ہورہی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ موجودہ تقاضوں کے مطابق نئی تحقیقات پر توجہ مرکوز کریں۔ ریسرچ کے شعبہ میں نئی تخلیقات کے ذریعہ عوام کو سہولتیں فراہم کی جاسکتی ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کے دفاع کی ذمہ داری نوجوانوں پر عائد ہوتی ہے۔ تلنگانہ ریاست کئی دہوں سے قومی دفاع کے شعبہ میں اہم رول ادا کر رہا ہے ۔ حیدرآباد میں بی ڈی ایل ، ڈی آر ڈی او ، مدھانی ، ایچ اے ایل جیسے قومی ادارے قائم ہیں جو میزائیلس اور راکٹس کی تیاری میں مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور اس کے اطراف دفاعی شعبہ کے ادارہ قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وگیان ویبھو کے ذریعہ طلبہ میں حب الوطنی اور ملک کے دفاع سے متعلق شعور بیدار کرنے میں مدد ملے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں ہر سال ایک لاکھ سے زائد انجنیئرنگ گریجویٹس تیار ہورہے ہیں اور کمپیوٹر سائنس کے طلبہ امریکہ کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حب الوطنی اور قومی دفاع کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں سائنس اگزیبیشن اہم رول ادا کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ سے آئی ٹی پروفیشنلس کو امریکہ روانہ کرنے کے بجائے قومی دفاعی تحقیق کے اداروں کو قابل انجنیئرس فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبہ میں ماہر انجنیئرس کی ضرورت ہے۔ آزادی سے پہلے اور بعد میں حیدرآباد میں کئی قومی دفاعی ادارے قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ قومی دفاعی شعبہ میں حیدرآباد اور بنگلور اہم مراکز ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد۔بنگلور کو ڈیفنس انڈسٹریل کاریڈار کے اعلان کا وزیر دفاع سے مطالبہ کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ڈیفنس انڈسٹریل کاریڈار کے قیام سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ راکٹ مینوفیکچرنگ اور اسکائی روٹ جیسے اسٹارٹ اپس قائم ہوں گے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ تلنگانہ دفاع کے شعبہ میں ہندوستان کو دنیا میں نمبر ون مقام دلانے کی مساعی کرے گا۔
