بہاراین سی پی ای ڈی پی فیلو کی تحقیق نے معذور کمیونٹی کے لیے ڈیجیٹل رسائی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو کیا اجاگر

جیسے جیسے دنیا ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑھ رہی ہے، ڈیٹا جمع کرنا اور انتظام کرنا بہت آسان ہو گیا ہے۔ بہار کے چمپارن سے این سی پی ای ڈی پی ۔ جاوید عابد ی فیلوشپ کے تحت معصوم رضا کی طرف سے کی گئی تحقیق نے معذور افراد (پی ڈبلو ڈی ) کو الیکٹرانک ڈیٹا بیس تک رسائی میں درپیش چیلنجوں کو اجاگر کیا ہے۔ معصوم رضا ملک بھر سے 21 ساتھیوں کی پہلی ٹیم میں شامل ہیں جو معذور و ایڈوکیسی اور پالیسی اصلاحات میں نمایاں پیش رفت کر رہے ہیں۔ یہ فیلو شپ کووڈ۔19 وبا کے دوران این سی پی ای ڈی پی کے ذریعہ خاص طور پر معذور نوجوانوں کے لیے شروع کی گئی تھی اور انہیں ہر روز درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ایڈوکیسی ریسرچ کے لئے وسائل فراہم کرتی ہے۔ این سی پی ای ڈی پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ارمان علی نے کہا کہ رضا کے گہرائی سے تجزیہ نے معذور افراد کو درپیش چیلنجوں اور رکاوٹوں کے بارے میں قابل قدر بصیرت فراہم کی ہے ، جو علم پر مبنی معاشرے میں ڈیجیٹل مواد تک رسائی کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔ یہ فیلوشپ پروگرام ہندوستانی معذوری کی تحریک کے لیے رہنما پیدا کرنے، ان کے علم اور تجربے کو گہرا کرنے میں کامیاب ہو رہا ہے۔ ان کی وابستگی ہمیں معذور افراد کے لیے ہندوستان میں بیانیہ کو تبدیل کرنے کی طرف ایک قدم اور قریب لے جاتی ہے۔ جاوید عابدی فیلوشپ کے ذریعےرضا جیسے نوجوان رہنما معذور افراد کے لیے ایک جامع ڈیجیٹل مستقبل کے لیے بیداری پیدا کر رہے ہیں۔
