SIR نوٹس ملنے پر 12 تجویز کردہ اسناد میں سے ایک دکھانا لازمی

TOP_9-4

تلنگانہ میں ووٹر لسٹوں کی جامع خصوصی نظر ثانی SIR 2026 کے تحت ڈرافٹ لسٹ کی اشاعت سے قبل ووٹرس کے ذہنوں میں متعدد خدشات پیدا ہورہے ہیں کیا ہمارا نام ووٹر لسٹ میں برقرار رہے گا ؟ یا SIR نوٹس موصول ہونے پر کیا کرنا ہوگا ؟ فارم میں غلطی کی صورت میں ووٹ کیسے بچے گا ؟ ان تمام شکوک و شبہات کو دور کرتے ہوئے انتخابی حکام نے واضح کیا کہ نوٹس موصول ہونے کی صورت میں ووٹرس کو اپنی شہریت اور رجسٹریشن کے ثبوت کے طور پر الیکشن کمیشن کی جانب سے مقرر کردہ 12 تجویز کردہ اسناد میں سے کسی ایک کا ثبوت پیش کرنا لازمی ہوگا ۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی 17 اگست کو مسودہ ووٹر لسٹ کا باضابطہ اعلان کریں گے ۔ اس ڈرافٹ ووٹر لسٹ کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ کن ووٹرس کی تفصیلات کامیابی کے ساتھ ڈیجیٹلائز اور میاپ ہوچکی ہیں اور کن ووٹرس کو نوٹس جاری کی جارہی ہے ۔ ریاست میں ڈیجیٹلائزیشن کی موجودہ صورتحال اور اعداد و شمار کے مطابق ریاست تلنگانہ میں جملہ 3.38 کروڑ رجسٹرڈ ووٹرس ہیں ۔ ان میں سے 2.64 کروڑ ( 78.30 فیصد ) ووٹرس کے دستاویزات کو کامیابی کے ساتھ ڈیجیٹلائز اور پروسیس کیا جاچکا ہے ۔ باقی 60 لاکھ ایسے ووٹرس ہیں جن کی تفصیلات یا فارم کے اندراج میں فرق پایا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے عہدیدار ان تمام افراد کو الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر (ERO) کے ذریعے نوٹس روانہ کرنے کے انتظامات کررہے ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے عمر اور تاریخ پیدائش کی بنیاد پر تصدیق کے لیے ووٹرس کو 3 زمروں میں تقسیم کیا ہے ۔ یکم جولائی 1987 سے قبل پیدا ہونے والے ووٹرس کو الیکشن کمیشن کی طرف سے منظور شدہ 12 شناختی کارڈس یا اسناد میں سے کوئی ایک سرٹیفیکٹ دکھانا ہوگا ۔ یکم جولائی 1987 سے 2 دسمبر 2004 کے درمیان پیدا ہونے والے ووٹرس کو اپنا ایک شناختی کارڈ اور ساتھ ہی اپنے والدین ( والد یا والدہ ) میں سے کسی ایک کا شناختی کارڈ یا سند پیش کرنا ہوگا ۔ 2 دسمبر 2004 کے بعد پیدا ہونے والے ووٹرس انہیں اپنی شناخت سند کے ساتھ والدین دونوں ( والد اور والدہ ) کی منظور شدہ اسناد پیش کرنا لازمی ہوگا ۔ اگر کسی ووٹر کو ERO کی جانب سے نوٹس ملتی ہے تو اسے اپنا ووٹ بچانے کے لیے 12 اسناد میں سے متعلقہ ثبوت دکھانا ہوگا ۔ ( 1 ) سرکاری ملازمین ؍ پنشنرس کا شناختی کارڈ مرکزی یا ریاستی حکومت پبلک سیکٹر کے اداروں کے ملازمین کا شناختی کارڈ یا پنشن ادائیگی کارڈ دکھانا ہوگا ۔ ( 2 ) یکم جولائی 1987 سے قبل پیدا ہونے والوں کو سرکاری اداروں ، بینکوں ، پوسٹ آفس ، LIC یا لوکل باڈیز کی طرف سے جاری کردہ شناختی اسناد ، ( 3 ) حکومت کے مجاز آفیسر یا پورٹل کی طرف سے جاری کردہ تاریخ پیدائش کا سرٹیفیکٹ ، ( 4 ) تسلیم شدہ بورڈس ، اسکولس یا یونیورسٹیز کے جاری کردہ پاسنگ یا تعلیمی سرٹیفیکٹس ، ( 5 ) پاسپورٹ ، ( 6 ) متعلقہ ریونیو آفیسر کی جانب سے جاری کردہ نیٹوٹی ؍ ڈومیسائل سرٹیفیکٹ ، ( 7 ) جنگلات کے حقوق کا سرٹیفیکٹ ، ( 8 ) ذات کا سرٹیفیکٹ ، ( 9 ) شہریوں کے قومی رجسٹر ( NRC ) کی کاپی ( جہاں کہیں لاگو ہو ) ، ( 10 ) ریاستی حکومت یا مقامی اداروں کا جاری کردہ خاندانی رجسٹر سرٹیفیکٹ، ( 11 ) لوکل باڈیز یا محکمہ مال کی جانب سے جاری کردہ تمام اراضی و جائیداد کی اسناد ، ( 12 ) الیکشن کمیشن کی جانب سے طئے شدہ مخصوص قواعد کے مطابق آدھار کارڈ ، انتخابی عہدیداروں نے واضح کیا کہ نوٹس موصول ہونے پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ERO کے سامنے مقررہ وقت پر پیش ہو کر ان 12 میں سے مناسب دستاویز یا سند دکھا کر ووٹ لسٹ میں نام برقرار رکھا جاسکتا ہے ۔