می سیوا خدمات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے نئی سرویس متعارف

6-copy

وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ تلنگانہ میں ڈیجیٹل حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے عوامی خدمات کو عصری سہولتوں سے آراستہ کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ حکومت ڈیجیٹل گورننس کے معاملہ میں ملک کیلئے رول ماڈل بن چکی ہے اور عوامی خدمات کو مزید بہتر بناتے ہوئے عوام کی دہلیز تک پہنچایا جارہا ہے ۔ سریدھر بابو نے باغ لنگم پلی کے آر ٹی سی کلیان منڈپم میں می سیوا ڈور ڈیلیوری سرویس کا آغاز کیا ۔ سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت ٹکنالوجی کے شعبہ میں اصلاحات کے ذریعہ عوامی خدمات میں جوابدہی اور شفافیت کو یقینی بنارہی ہے ۔ عوام نئی خدمات کے تحت ٹول فری نمبر 1100 کے ذریعہ سلاٹ بک کرسکتے ہیں یا می سیوا پورٹل کے ذریعہ گھر پر عوامی خدمات کو حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ برتھ اینڈ ڈیٹتھ سرٹیفیکٹس کے علاوہ پولیس ڈپارٹمنٹ کی مختلف خدمات کو می سیوا کے ذریعہ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 70 سے زائد می سیوا ایجنٹ کو ڈور ڈیلیوری خدمات کی ٹریننگ دی گئی ہے ۔ نئی خدمات ابتدائی مرحلہ میں کیور اربن علاقوں میں حاصل رہیں گی اور بعد میں ریاست گیر سطح پر توسیع دی جائے گی ۔ سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے علاوہ عہدیداروں کو جوابدہ اور خدمات کو شفاف بنانے میں یقین رکھتی ہے ۔ سریدھر بابو نے می سیوا مراکز کی کارکردگی کو سراہا اور عوامی خدمات کو مزید بہتر بنانے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر انفارمیشن ٹکنالوجی کے جوائنٹ سکریٹری انودیپ درشٹی ، کمشنر می سیوا روی کرن اور تلنگانہ ٹکنالوجی سروسیس کے منیجنگ ڈائرکٹر ستیہ نارائن ریڈی موجود تھے ۔