ووٹ چوری دستور پر حملہ اور ملک سے غداری :راہول

کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ ووٹ چوری دستور پر راست حملہ ہے ۔ بی جے پی ، آر ایس ایس اور الیکشن کمیشن جنہوں نے ووٹ چوری کا کام انجام دیا انہوں نے دراصل ملک کے ساتھ غداری کی ہے ۔ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے حوالہ سے تبصرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں انصاف ضرور ملے گا ۔ واضح رہے کہ انگریزی روزنامہ ’انڈین ایکسپریس ‘ نے اپنی خصوصی رپورٹ میں الیکشن کمیشن میں اختلافات کو بے نقاب کیا ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فہرست رائے دہندگان میں خصوصی نظرثانی مہم SIR کے بارے میں دو الیکشن کمشنران سکھبیر سنگھ سندھو اور ویویک جوشی نے ایک سے زائد مرتبہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے فیصلوں پر اعتراف جتایا ۔ قومی سطح پر SIR مہم تینوں الیکشن کمشنران کی نگرانی میں انجام دی جارہی ہے اور سندھو اور جوشی نے گزشتہ 10ماہ کے دوران تقریباً 14مرتبہ اپنے اعتراضات درج کرائے ۔ انہوں نے ایک دن میں 4 مرتبہ فیصلوں پر اعتراض ریکارڈ میں درج کرایا ۔ دونوں الیکشن کمشنران نے اس بات پر اعتراض جتایا کہ اُن کی اطلاع کے بغیر ہی بعض احکامات جاری کئے گئے ۔ 1/S
راہول گاندھی نے الیکشن کمشنران کے اعتراضات کے سلسلہ میں انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے حوالے سے بی جے پی ، آر ایس ایس اور الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ راہول گاندھی نے اپنا ایک حالیہ ویڈیو بھی وائرل کیا جس میں انہوں نے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جو کچھ بھی کررہے ہیں ملک سے غداری ہے اور انہیں بخشا نہیں جائے گا ۔ رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد کانگریس کے علاوہ دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے بھی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف محاذ کھول دیا ہے اور اُن کی برطرفی کا مطالبہ شدت اختیار کرچکا ہے ۔
