کمسن لڑکی کی قربانی دینے کا واقعہ

کولکتہ: شہرکے تلجلا علاقہ میں ایک سات سالہ لڑکی کی اس کے پڑوسی کی جانب سے قربانی دیئے جانے پرپیرکے روزاحتجاج بھڑک اٹھااورجنوبی کولکتہ کے بعض علاقے عملاً میدان جنگ بن گئے۔
اتوارکے رات پیش آئے اس واقعہ میں الوک کمارنامی شخص کے مکان سے لڑکی کی لاش برآمد ہونے کے بعد اسے گرفتارکرلیاگیاتھا۔ بعدازاں اسی رات کومقامی عوام نے تلجلاپولیس اسٹیشن کے روبرو احتجاجی مظاہرے منظم کئے اورمہلوک کے ساتھ انصاف کرنے کامطالبہ کیا۔
اس احتجاج کے نتیجہ میں پولیس اوراحتجاجیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ پیر کی دوپہر صورتحال پرتشدد ہوگئی جب مقامی افراد نے تلجلا، تری خانہ چوراہا،پکنک گارڈن روڈ اورگندیل روڈ علاقوں میں تازہ احتجاجی مظاہرے کئے۔ بعض احتجاجیوں نے بندیل گیٹ ریلوے کراسنگ پرریل روکواحتجاج بھی کیا۔
دو ڈپٹی کمشنران کی زیر قیادت پولیس کے ایک بڑے دستہ نے احتجاجیوں کو ہٹانے کی کوشش کی۔جس کے ساتھ ہی احتجاجیوں اورپولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔
