وقف مسلمانوں کا معاملہ، مداخلت نہ کرے حکومت. جے پی سی کی میٹنگ میں مسلم تنظیموں کی دو ٹوک

وقف ترمیمی بل پر جمعہ کو پارلیمنٹ کی جوائنٹ کمیٹی (جے پی سی) کی دوسری میٹنگ ہوئی۔ اس میں مسلم تنظیموں کو اپنے خیالات پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ اس میں آل انڈیا جمعیۃ علماء نے بل کی مخالفت کی۔ تنظیم نے کہا کہ ہمیں ترمیم منظور نہیں ہے۔ وقف مسلمانوں کا معاملہ ہے۔ حکومت مداخلت نہ کرے۔ انڈین مسلم فارسول رائٹس (آئی ایم سی آر) نے بھی جے پی سی کے سامنے ترمیم کی مخالفت کی۔ آئی ایم سی آرکے صدرسابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب ہیں۔ اس تنظیم نے وقف ترمیمل کے معاملے کو مسلمانوں کے معاملے میں مداخلت قرار دیا ہے۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق، بی جے پی کے سینئر لیڈراور رکن پارلیمنٹ جگدمبیکا پال کی قیادت والی کمیٹی نے بل کے وسیع پیمانے پرمضمرات کے مدنظرخاص طورپرعام لوگوں، این جی اوز، ماہرین، اسٹیک ہولڈرزاوراداروں سے آراء طلب کی گئی ہیں۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اگلے 15 دنوں میں اپنی تجاویزتحریری طورپربتائیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کوپیش کی گئی یادداشت اورتجاویز کمیٹی کے ریکارڈ کا حصہ بنیں گی۔ انہیں رازدارانہ تصورکیا جائے گا۔
