طبقاتی سروے میں شعور بیداری کیلئے بی سی کمیشن کا حیدرآباد کے مختلف علاقوں کا دورہ

تلنگانہ بی سی کمیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 16 تا 28 فروری طبقاتی سروے میں حصہ لیتے ہوئے اپنے خاندان کی تفصیلات پیش کریں۔ کمیشن کے صدرنشین جی نرنجن اور ارکان آر جیہ پرکاش ، ٹی سریندر اور آر بالا لکشمی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ طبقاتی سروے میں حصہ نہ لینے والے افراد کی سہولت کیلئے حکومت نے 16 تا 28 فروری سہولت فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر استفادہ کرتے ہوئے عوام کو اپنی تفصیلات درج کرانی چاہئے ۔ کمیشن نے پسماندہ طبقات کیلئے مجالس مقامی میں 42 فیصد تحفظات کیلئے اسمبلی میں بل متعارف کرنے اور مرکزی حکومت کو روانہ کرنے سے متعلق فیصلہ کا خیرمقدم کیا ۔ جی نرنجن نے کہا کہ قومی سطح پر پسماندہ طبقات کیلئے تحفظات کا تعین ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں طبقاتی سروے مکمل نہیں ہوا۔ عوام ٹول فری نمبر ، آن لائین یا پھر پرجا سرویس سنٹرس پر تفصیلات درج کراسکتے ہیں۔ کمیشن نے سروے کے سلسلہ میں شعور بیداری پر زور دیا ۔ کمیشن کے صدرنشین اور ارکان حیدرآباد کے ان علاقوں کا دورہ کریں گے جو طبقاتی سروے میں شامل نہیں ہوئے۔ 16 تا 28 فروری صبح 8 تا 10 بجے کے درمیان کمیشن شعور بیداری کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کرے گا۔ کمیشن نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو مشورہ دیا کہ پراپرٹی ٹیکس کیلئے حاصل کئے گئے 16 لاکھ ٹیلیفون نمبرات پر سروے کا میسج روانہ کرے ۔ کمیشن نے قومی سطح پر طبقاتی سروے کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے چناؤ میں پسماندہ طبقات کی جانب سے 70 فیصد سے زائد نشستوں پر کامیابی کا امکان ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ طبقاتی سروے کے دوبارہ انعقاد میں حکومت سے تعاون کریں۔
