آسام میں 27 ہزار کروڑ روپے کی سیمی کنڈکٹر انڈسٹری لگائی جا رہی ہے: شاہ

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ آسام میں جہاں پہلے صرف تحریک، عسکریت پسندی اور فائرنگ کی بات کی جاتی تھی، آج وہاں 27 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے سیمی کنڈکٹر انڈسٹری قائم کی جا رہی ہے۔مسٹر شاہ نے آج آسام کے ڈیرگاوں میں لچیت بورفوکن پولیس اکیڈمی کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر آسام کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہمانتا بسوا سرما اور مرکزی وزیر سربانند سونووال سمیت کئی معززین موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے پانچ برسوں میں لچیت بورفوکن پولیس اکیڈمی ملک بھر کی پولیس اکیڈمیوں میں پہلے نمبر پر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ آسام کے بہادر لڑاکا اور بیٹے لچیت بورفوکن جی نے آسام کو مغلوں کے خلاف فتح تک پہنچایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عظیم جنگجو لچیت بورفوکن صرف آسام تک محدود تھے لیکن آج ان کی سوانح عمری ملک بھر کی لائبریریوں میں بچوں کے لیے 23 زبانوں میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج لچیت بورفوکن پولیس اکیڈمی کی شکل میں بویا گیا بیج ایک دن برگد کا ایک بہت بڑا درخت بن کر پورے ملک کی پولیسنگ کو سایہ فراہم کرے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ اکیڈمی نہ صرف آسام بلکہ پورے شمال مشرق کی پولیسنگ کے لیے کاشی کی طرح ایک تیرتھ بن جائے گی اور یہاں سے امن کی ایک نئی شروعات ہوگی۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ لچیت بورفوکان اکیڈمی کا پہلا مرحلہ 167 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہو چکا ہے اور تینوں مراحل پر کل 1050 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اکیڈمی میں کئی طرح کی جدید ترین سہولیات دستیاب ہیں اور یہ اکیڈمی پورے ہندوستان کی بہترین پولیس اکیڈمی بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے آسام پولیس ٹریننگ کے لیے دوسری ریاستوں میں جاتی تھی، لیکن گزشتہ آٹھ برسوں میں ریاست کے نظم و نسق میں ایسی تبدیلی آئی ہے کہ اب گوا اور منی پور کے دو ہزار پولیس اہلکار اس پولیس اکیڈمی میں تربیت لے چکے ہیں۔ مسٹر شاہ نے کہا کہ آسام اب ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں بہت سے امن معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ 2020 میں آسام-بوڈولینڈ معاہدہ، 2021 میں کاربی اینگلونگ معاہدہ، 2022 میں قبائلی امن معاہدہ، الفا ، آسام میگھالیہ اور 2023 میں آسام-اروناچل معاہدے ہوئے۔مسٹر شاہ نے کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے کئے گئے ان امن معاہدوں کی وجہ سے 10 ہزار سے زیادہ نوجوان ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسام میں جہاں کبھی ایجی ٹیشن، عسکریت پسندی اور فائرنگ کی باتیں ہوتی تھیں، آج 27 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ترین سیمی کنڈکٹر انڈسٹری قائم کرنے کا کام کیا گیا ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ حال ہی میں آسام میں منعقدہ کانفرنس میں 5 لاکھ 18 ہزار کروڑ روپے کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
