قطر میں گرفتار ہوئے امت گپتا کون ہیں؟ کیا ہوسکتی ہے سزا، ہندوستان کیلئے نیا سفارتی امتحان، جانئے پورا معاملہ

ہندوستان اور قطر کے درمیان کافی اچھے تعلقات ہیں۔ پچھلی بار ہندوستان کو بحریہ کے سابق اہلکاروں کو سزائے موت سنائے جانے کے بعد سفارتی امتحان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب قطر میں ایک اور گرفتاری ہوئی ہے جس سے ہندوستان کی ٹینشن بڑھ سکتی ہے۔ گجرات کے وڈودرا کے رہنے والے امیت گپتا کو قطر میں حراست میں لیا گیا ہے۔ ان کے والدین نے الزام لگایا ہے کہ ان کا بیٹا یکم جنوری سے بغیر کسی سرکاری الزام کے حراست میں ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق قطر میں ہندوستانی مشن گپتا کی گرفتاری سے آگاہ ہے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جارہی ہے۔ ان کے والد کے مطابق انہیں قطر کی ریاستی سیکورٹی نے حراست میں لیا تھا۔ امیت کے والد جگدیش او این جی سی کے ریٹائرڈ چیف انجینئر ہیں۔ وہ تاراسالی علاقہ کے رہنے والے ہیں ۔ ہفتہ کو انہوں نے وڈودرا کے ایم پی ہیمانگ جوشی سے ملاقات کی اور اپنے بیٹے کی رہائی کے لیے ان سے تعاون طلب کیا۔ جوشی نے یقین دلایا ہے کہ وہ ان کی ہر طرح سے مدد کریں گے۔
امیت گپتا کون ہیں؟
امیت گپتا ٹیک مہندرا کے سینئر ملازم ہیں۔ انہوں نے اکانکشا گپتا سے شادی کی تھی، جس کے بعد انہوں نے اگست 2013 میں قطر میں سکونت اختیار کرلی تھی ۔ ان کے LinkedIn پروفائل کے مطابق اپریل 2022 میں ٹیک مہندرا کا ریجن ہیڈ مقرر کیا گیا تھا۔ ان کے والد نے بتایا کہ ایک ریستوراں میں کھانا کھانے کے بعد امیت کو سیکورٹی ایجنسی نے گرفتار کر کے قید تنہائی میں بھیج دیا۔ امیت کے والدین گرفتاری کے بعد قطر گئے اور ایک ماہ تک وہاں رہے۔ ایک دن انہیں صرف آدھے گھنٹے کے لیے ملنے دیا گیا۔
امیت کو کیوں گرفتار کیا گیا؟
امیت گپتا کے خلاف الزامات کی صحیح تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں لیکن کئی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہیں ڈیٹا چوری کیس کی جانچ کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا ہے۔ امیت گپتا کی والدہ کا دعویٰ ہے کہ ان کے بیٹے کو 48 گھنٹے تک بغیر کھانا کھلائے رکھا گیا اور پھر اسے ایک کمرے میں منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ تین ماہ سے ہے۔ ایک نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے امیت کی ماں نے کہا کہ اس کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ کمپنی میں کسی نہ کسی نے ضرور کوئی مسئلہ کیا ہوگا، چونکہ وہ کنٹری منیجر ہے، اسی لئے اسے گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر بدھ کو پانچ منٹ کے لئے فون آتا ہے، جو کہ رابطے کا واحد ذریعہ ہے۔
