اسمبلی میں پی ڈی پی کے ایم ایل اے وحید پرہ نے آرٹیکل 370 کی بحالی پر قرارداد پیش کی

پیر کو قانون ساز اسمبلی میں اس وقت افراتفری کے مناظر دیکھنے میں آئے جب پی ڈی پی ایم ایل اے وحید الرحمان پرہ نے جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کی بحالی کے لیے ایک قرارداد پیش کی۔ انہوں نے اسپیکر سے مخاطب ہو کر کہا جناب، میں آپ کو ایوان کا اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ہم آپ کے تجربے سے بہت کچھ سیکھیں گے۔ آج میرے پاس اپنی پارٹی کی طرف سے ایک قرارداد ہے جو میں آپ کے سامنے پیش کرنا چاہتا ہوں۔ قرار داد میں آرٹیکل 370 کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ان کے اس اقدام سے ایوان میں زبردست ہنگامہ برپا ہو گیا اور بی جے پی ایم ایل ایز نے اسپیکر پر زور دیا کہ وہ قرارداد کو فوری طور پر رد کر دیں۔ ا سپیکر نے بی جے پی ارکان کے غصے کو پرسکون کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ میرا ڈومین ہے، مجھے اس کی جانچ کرنے دیں اور اسی کے مطابق میں قرارداد پر فیصلہ کروں نگا۔ تاہم بی جے پی کے 28 ارکان اسمبلی نے بیٹھنے سے انکار کردیا اور پی ڈی پی ایم ایل ایز کے اقدام کی مخالفت جاری رکھی۔ بی جے پی ایم ایل اے او پی شرما نے کہا یہ پہلے دن نہیں کیا جاتا ہے، اس طرح کی چیزیں ایسے ایوان میں پیش کی جاتی ہیں۔ اسپیکر نے دہرایا: میں نے ابھی تک یہ کاپی نہیں دیکھی۔ مجھے اس کی جانچ کرنے دو۔ اگر آپ (بی جے پی) نے فیصلہ کیا ہے کہ اس گھر کو چلنے نہیں دیں گے تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ایوان میں ہنگامہ آرائی جاری رہی کیونکہ بی جے پی ایم ایل ایز نے اپنی کرسیوں پر بیٹھنے سے انکار کردیا اور ایم ایل اے پرہ کی طرف سے لائے گئے قرارداد کو ردی کی ٹوکری میں ڈالنے کا مطالبہ کیا۔۔
