مہاراشٹر: الیکشن کمیشن نے دیا ڈی جی پی رشمی شکلا کے تبادلے کا حکم ۔

n63777961617307152423856d54164b35d11e1f559bf4feebabb1c29ebb44da64e98ce3f282a9a02f6a6fba

مہاراشٹر کے چیف سکریٹری نے پیر کو الیکشن کمیشن کے حکم پر ریاست کی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) رشمی شکلا کا فوری اثر کے ساتھ تبادلہ کر دیا۔ ممبئی کے پولس کمشنر وویک پھلسنکر کو ان کی تبدیلی تک ڈی جی پی کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ مہاراشٹر اسمبلی کے انتخابات 20 نومبر کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے کئی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاست کے چیف سکریٹری کو فوری طور پر رشمی شکلا کو ڈی جی پی کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن نے بدھ کی دوپہر ایک بجے تک اس عہدے پر تقرری کے لیے تین آئی پی ایس افسران کے نام بھیجنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے حکم پر ریاست کے چیف سکریٹری نے رشمی شکلا کا ڈی جی پی کے عہدے سے تبادلہ کیا ہے۔ تاہم ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ انہیں کہاں منتقل کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری نے ڈی جی پی کا چارج ممبئی پولیس کمشنر وویک پھلسنکر کو سونپ دیا ہے۔ شیو سینا (یو بی ٹی) کے لیڈر سنجے راوت نے جمعہ کو الزام لگایا کہ جس وقت تک ڈی جی پی کی حیثیت سے رشمی شکلا ہیں ،مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات منصفانہ طریقے سے نہیں کرائے جا سکتے، ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس رشمی شکلا کے خلاف بہت سنگین الزام ہے۔ 2019 میں جب ہماری حکومت بن رہی تھی، یہ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس براہ راست خاص پارٹی کے لیے کام کر رہی تھیں اور ہمارے تمام فون ٹیپ کر رہی تھیں۔ رشمی شکلا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے رشمی شکلا کو ان کے عہدے سے ہٹانے پر چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کا شکریہ ادا کیا ہے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ جب مغربی بنگال اور جھارکھنڈ میں انتخابات کا اعلان ہوا تو ڈی جی پی کو ہٹا دیا گیا۔ مہاراشٹر میں اتنا وقت کیوں لگا اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو خط لکھ کر رشمی شکلا کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست کی تھی۔ چیف الیکشن کمشنر نے طویل تاخیر کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے جس کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں۔